کراچی: شہر کے مختلف ساحلی تفریحی مقامات ہاکس بے، سینڈز پٹ اور دو دریا پر پکنک کے دوران سمندر میں نہاتے ہوئے 7 افراد ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق ہاکس بے سینڈزپیٹ پر نہاتے ہوئے 4 افراد ڈوب گئے تھے، 3 لاشوں کو پہلے ہی نکال لی گئیں تھی، جبکہ میٹرک کے طالبعلم حمزہ ظفر کی لاش ایدھی کےغوطہ خوروں نے نکالی، جاں بحق ہونے والوں میں حمزہ، علی، اور عاجز شامل ہیں۔
ڈوبنے والے بچے اورنگی میں نجی اسکول کے طالبعلم تھے۔
سی ویو دودریا کے قریب بھی تین افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے، جن میں سے دو افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ ایک شخص کو نیم بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا ہے، جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سینڈز پٹ کے مقام سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی، جس کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے۔
اورنگی ٹاؤن میں تین بچوں کی لاشیں پہنچیں تو کہرام مچ گیا، مائیں اپنے جگر گوشوں کی لاشوں سے لپٹتی رہیں، خواتین ایک دوسرے سے گلے لگ کر دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں، رشتے دار عزیز اقارب غم سے نڈھا نظر آئے، ہر آنکھ اشکبار تھی۔
مزید پڑھیں : کراچی سمندر اور حب ندی میں نہاتے ہوئے 6 افراد ڈوب کر جاں بحق
یاد رہے دو روز قبل بھی کراچی کے مختلف ساحلوں ہاکس بے، سینڈز پٹ پر سمندر میں نہاتے ہوئے 6 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے ۔
واضح رہے چار روز کے دوران سمندر میں ڈوب کر جاں بحق افراد کی تعداد تیرہ ہوچکی ہے، اتوار کو ہاکس بے کے ساحل پر چھٹی مناتا نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوا تھا، ہفتے کو منوڑا کے قریب سیاحوں کی کشتی الٹ گئی، جس کے باعث بارہ افراد ڈوب گئے۔ ریسکیواداروں نے نو افراد کی جان بچالی لیکن تین افراد سمندری لہروں کا مقابلہ نہ کرسکے۔