اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ مریم نوازڈان لیکس میں مکمل طور پر ملوث ہیں، مریم نواز معافی مانگیں یا10ارب کا لیگل نوٹس واپس لیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں، مریم نوازڈان لیکس میں مکمل طور پر ملوث ہیں، مریم نوازمعافی مانگیں یا10ارب کالیگل نوٹس واپس لیں۔
نعیم الحق نے کہا کہ ڈان لیکس وزیراعظم کی خواہش پر شروع ہوئی ، مجھے پتہ چلا ہے نوازشریف خود ڈان لیکس میں ملوث ہیں، ڈان لیکس کی رپورٹ شائع کی جائے، میرے دعویٰ غلط ثابت ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا، یہ لوگ جے آئی ٹی پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جے آئی ٹی چوہدری نثار،خواجہ آصف، کلثوم نواز کو بھی تفتیش میں شامل کرے۔
جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد نوازشریف ہمیشہ کیلئے سیاست سے دور ہوجائیں گے
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اب بھی کہہ رہا ہوں سچ بولیں،سچ پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہ کریں، عمران خان کی ایمانداری اور دیانتداری پر کوئی شک نہیں کرسکتا، یقین ہے جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد نوازشریف ہمیشہ کیلئے سیاست سے دور ہوجائیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے ہمارے ایک آدمی کو80لاکھ میں خریدنے کی کوشش کی، چند روز میں ان 80لاکھ روپے کے ہمراہ پریس کانفرنس کروں گا، جس طرح کی زبان یہ استعمال کرتے ہیں میڈیا کو نہیں دکھانی چاہئے، یہ لوگ جانتے ہیں نوازشریف کے اقتدارکی کشتی ڈوبنے والی ہے۔
اس مرتبہ جدہ نہیں جیل جانا ہوگا
نعیم الحق نے کہا کہ جن ارکان پراعتراض کیا گیا ان کے اداروں کا سربراہ آپ کا باپ ہے، اب یہ جدہ نہیں جاپائیں گے، اڈیالہ جیل میں خصوصی جگہ موجود ہے۔