کندھ کوٹ: تحریک انصاف کا سندھ کے علاقے کندھ کوٹ میں جلسے کا پنڈال سج گیا، عمران خان جلسہ گاہ پہنچ گئے، عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ کارکنوں کو جلسے میں آنے سے روکا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جلسے میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان خصوصی طیارے کے ذریعے سکھر ائیر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ جلسہ گاہ پہنچ گئے۔
عمران خان کا سکھر ایئر پورٹ پہنچنے پر کارکنان نے استقبال کیا، عمران خان کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ انتظامیہ لوگوں کو جلسہ گاہ آنے سے روک رہی ہے، انتظامیہ کی جانب سے جلسے کیلئے ہمیں اسٹیڈیم بھی نہیں دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ کندھ کوٹ کا جلسہ دادو سے بھی بڑا ہے، سندھ حکومت خوف زدہ ہوگئی،گراؤنڈ میں جلسہ نہیں کرنے دیا جارہا۔
انہوں نے کہا کہ کندھ کوٹ کے باہر پولیس کارکنان کی گاڑیاں روک رہی ہے، حکومت کو پیغام دیتا ہوں کارکنان کو روکا گیا تو انجام اچھا نہیں ہو گا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کےلیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ہوں گے،جلسے کی تیاریاں جاری ہیں،پنڈال میں 20ہزار سے زائد کرسیاں لگادی ہیں،ساﺅنڈ سسٹم بھی پہنچا دیا گیا ہےجبکہ مرکزی اسٹیج کی تیاری بھی مکمل ہوچکی ہے۔
جلسے کے دوران اندرون سندھ سے کئی اہم رہنماﺅں کا تحریک انصاف میں شمولیت کا امکان ہے۔