نئی دہلی: بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ دلچسپ ہوتاہے، دونوں ممالک کے تعلقات چاہیے جیسے بھی ہوں اس کا تعلق میچ سے نہیں، کرکٹ کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ پاک بھارت میچ دوسرے میچوں سے مختلف نہیں مگر یہ دلچسپ ضرور ہوتا ہے، چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم سے سامنا ہوا تو روایتی مقابلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں صفِ اول کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں، بھارت کے لیے ٹائٹل کا دفاع چیلنج ہوگا کیونکہ ہم اس بار ٹرافی ہر صورت جیت کر لانا چاہتے ہیں۔
ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا معیار ورلڈکپ سے زیاد ہے اس لیے بھارتی ٹیم اس ٹائٹل کا بھرپور دفاع کرے گی جس کے لیے جوان بالکل تیار ہیں۔
اس موقع پر صحافی نے ویرات کوہلی سے سوال پوچھا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان اور بھارت کو میچ کھیلنا چاہیے؟ جس پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے صحافی کو جھاڑ پلادی۔
ویرات کوہلی نے صحافی سے جوابی سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ کیا پاک بھارت میچ کو سیاست میں لایا جائے اور دونوں ٹیمیں آمنا سامنا نہ کریں۔