لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کو بے حال کردیا۔ شہر کے اکثر علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بجلی کے بریک ڈاؤن سے سینکڑوں علاقے کئی گھنٹے تاریکی میں ڈوبے رہے۔
شدید گرمی اور پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر شہری بلبلا اٹھے۔ غازی آباد، تاجپورہ اسکیم، ہربنس پورہ، سمن آباد، اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ کے علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا مشکل کردیا۔
مزید پڑھیں: خواجہ آصف کا صفر لوڈ شیڈنگ کا دعویٰ، لوگ پھٹ پڑے
والٹن کینٹ کا علاقہ 5 گھنٹے بجلی سے محروم رہا۔ پیر کالونی، مدینہ کالونی، فاروق کالونی، باجوہ چوک، النور ٹاؤن، قادری کالونی، ورکشاپ اسٹاپ، کوڑے اسٹاپ، بنک اسٹاپ، مکہ کالونی، اور اسماعیل نگر میں بھی بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
یاد رہے کہ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا آغاز ہوچکا ہے جس کا دورانیہ کئی کئی گھنٹوں پر محیط ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا دعویٰ ہے کہ ملک میں کہیں بھی اعلانیہ یا غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔