مالاکنڈ: درگئی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے پیسکو آفس اور لیویز تھانے کو آگ لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی اورغیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف مالا کنڈ کےدرگئی میں مشتعل افراد نے پیسکو کے دفتر پرحملہ کرکے توڑپھوڑ کی اوردفتر کاریکارڈ جلادیا۔ مشتعل مظاہرین دروازہ پھلانگ کر پیسکو دفترمیں گھسے۔
مشتعل مظاہرین حکومت کےخلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ جس پر عملہ دفتر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنےلیویز پہنچی، مشتعل افراد کو منشترکرنے کےلیے ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا، دوران علاج ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔
مشتعل مظاہرین نے لیویز تھانے پر دھاوا بولا اور آگ لگا دی۔ جس کے بعد مظاہرین نے تھانے کے کمروں کے شیشے اور گاڑیاں توڑ دیں۔ مشتعل مظاہرین نے لاش سڑک پر رکھ کر مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے تھانےکا بورڈ گرادیا،جبکہ اندر کھڑی ایک موٹرسائیکل اورگاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔ فائرنگ میں ہلاک شخص پی ٹی آئی کی طلبہ تنظیم انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کاکارکن بتایا جاتا ہے۔