کراچی : غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر بھی کمشنر کراچی کے الیکٹرک پر برس پڑے اور کہا کہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیاجائے عوام اور روزے داروں کو سخت گرمی میں کے الیکٹرک ریلیف فراہم کرے ۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر آفس میں کمشنر کراچی اعجاز احمد کی سربراہی میں کے الیکٹرک انتظامیہ کے درمیان اجلاس ہوا، اجلاس میں کمشنر کراچی نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک نظام کو فوری ٹھیک کرے، شہریوں کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں ہر کام کرے ۔
کے الیکٹرک انتظامیہ نے کہا کہ تیکنکی خرابیوں کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں دشواری ہو رہی ہے، لوڈ شیڈنگ نہیں ہے گرمی میں نمی کی شدت نے نظام کو ناکارہ کیا ایک دو روز میں ٹھیک کر لیں گے ۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ رہائشی علاقوں اہم تنصیبات اسپتالوں پر بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ فوری دور کرے۔
خیال رہے کہ کراچی کے شہری کیم رمضان سے لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں ، رات گئے بھی کراچی میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران بجلی کی آٹھواں بریک ڈاؤن ہوا، جس کے باعث شہر کابڑا حصہ بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگیا اور شہریوں کو تیسری سحری بھی اندھیرے میں کرنا پڑی۔
کےالیکٹرک ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ہوامیں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی، کےالیکٹرک ترجمان نے واضح کیا کہ شہر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔