ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

پاکستانیوں کو امریکی ویزا ملنے میں‌ 40 فیصد کمی، بھارتیوں کے لیے اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکا نے پاکستانی شہریوں کو ویزا کے اجرا میں 40 فیصد کمی اور بھارتی باشندوں کے ویزا میں 28 فیصد تک اضافہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی گئیں جب کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لیے امیگریشن قوانین میں سختی کی گئی ہے۔

اس ضمن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن قوانین سے متعلق صدارتی حکم نامہ (ایگزیکٹو آرڈر) جاری کرنے کے بعد سے جہاں متعدد ممالک کو ویزا دینے پر پابندی کا حکم نامہ جاری کیا گیا( جسے عدالت نے معطل کردیا) وہیں پاکستانی سمیت متعدد ممالک کے شہریوں کے لیے امیگریشن قوانین میں سختی کردی گئی ہے۔

ویزوں کے اجرا سے متعلق باراک اوبامہ حکومت سالانہ بنیادوں پر رپورٹ جاری کرتی تھی جب کہ ٹرمپ انتظامیہ نے مارچ سے ماہانہ بنیادوں پر دیگر ممالک کو دیے گئے ویزا کے اجرا کی رپورٹ جاری کرنی شروع کردی ہیں جس سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو ویزا دینے میں 40 فیصد تک کمی کردی گئی ہے اور انہیں سخت سلوک کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستانی باشندوں کو مارچ میں 3ہزار 973 اور اپریل 2016ء میں 3ہزار 925 ویزے جاری ہوئے جبکہ گزشتہ سال امریکا نے پاکستانیوں کو مجموعی طور پر 78ہزا ر637 یعنی ہر ماہ 6ہزار553 ویزے جاری کیے۔

امریکی سابق صدر باراک اوباما کے دور میں جاری ویزوں کے تناسب سے دیکھا جائے تو اس تعداد میں 40فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے بھارتی باشندوں کو ویزا دینے کے اجرا میں مزید اضافہ کردیا، بھارتی شہریوں کو رواں سال مارچ میں 97 ہزار 925 اور اپریل میں 87 ہزار 49 ویزے جاری ہوئے جب کہ گزشتہ سال بھارتی شہریوں کو 8 لاکھ 64 ہزار 987 یعنی ہر ماہ 72 ہزار 82 ویزے جاری ہوئے یعنی ماہانہ ویزوں کے اجرا میں 28 فیصد تک اضافہ ہوا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں