نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔یہ پابندیاں شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے مختلف میزائل تجربات کے جواب میں عائد کی گئی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا پرپابندیوں کے تحت جن 14افراد کے بین الاقوامی سفر پرپابندی عائد کی گئی ہے ان میں شمالی کوریا کےبیرونی ممالک میں جاسوسی کےسربراہ چوال یو بھی شامل ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکہ اور چین کے درمیان ہفتوں کی بات چیت کے بعد اتفاقِ رائے ان پابندیوں کی حمایت کی ہے۔
دوسری جانب شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی جانب سے تمام طرح کے جوہری اور میزائل تجربات پر پابندی والی قرارداد کی خلاف ورزی کی ہے۔
شمالی کوریا سےبڑی جنگ چھڑسکتی ہے‘ڈونلڈ ٹرمپ
یاد رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو اس کے جوہری پروگرام کے حوالے سے خبردار کر رکھا ہے اور یہ کہ امریکہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔واشنگٹن نے حال ہی میں اپنا طیارہ بردار جنگی بیڑہ کوریائی جزیرہ نما کے لیے روانہ کیا ہے۔
واضح رہےکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے سنہ 2006 میں پہلی بار شمالی کوریا پر اس کے میزائل اور جوہری پروگرام کے جواب میں پابندیاں عائد کی تھیں اور وقت کے ساتھ اس میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔