راولا کوٹ: بھارتی فوج نے نیزا پیر سیکٹر میں شہری آبادی پر گولہ باری کی، جس میں 2 شہری زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر شدید گولا باری کی گئی، پاک فوج کے مئو ثر جواب کے بعد دشمن کا توپ خانہ خاموش ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارت فوج نے لائن آف کنٹرول پر نیزہ پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے دوران بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، بھارتی مارٹر گولے کی ذد میں آکر دو شہری زخمی ہوئے۔
پاک فوج کی جانب سے مؤثر اور بھرپور کارروائی نے دشمن کا توپ خانہ خاموش کرادیا۔
مزید پڑھیں : بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ ،3 شہری زخمی
یاد رہے کہ یکم جون کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹھانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا عمل جا ری رکھے ہوئے ہے۔
اس سے قبل بھی بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج کی کارروائی سے بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج نے خود ساختہ اور مضحکہ خیز سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی کیا تھا جو وہ خود اپنی پارلیمنٹ اور عالمی میڈیا کے سامنے سچا ثابت نہیں کر سکے تھے جس پر انہیں کافی سبکی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔