آستانہ : وزیر اعظم نواز شریف نے قازقستان میں افغان صدر سے ملاقات کی، ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور خطے کے مسائل پر بات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور افغان صدر کے درمیان ملاقات ہوئی جو لگ بھگ ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں انسداد دہشت گردی اور خطے کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے ملاقات کی درخواست کے بعد وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کیخلاف اپنی سر زمین استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔
ملاقات میں افغان صدر کے ساتھ سرحد پر باڑ لگانے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر مشیرخارجہ سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف ا ن دنوں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے سلسلے میں قازقستان کے دورے پر ہیں۔