جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

کوئی مشکل ہو تو سفارت خانہ مدد نہیں کرتا، سعودیہ عرب میں ہم وطنوں‌ کا شکوہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کا کہنا ہے کہ اُن کی تنخواہیں وقت پر ادا نہیں کی جاتیں اور اگر کوئی مشکل درپیش ہو تو پاکستانی سفارت خانہ کوئی مدد نہیں کرتا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی باشندوں کو پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے اے آر وائی نیوز نے لوگوں کی رائے حاصل کی، لوگوں نے نہ صرف اپنے شکایتوں بھرے تبصرے کیے بلکہ اکثر صارفین نے کفیل کو پاکستانیوں کی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا۔

کچھ لوگوں نے سعودی قطر تعلقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال اچھی نہیں، دونوں ممالک کے درمیان حالات کو کنٹرول ہونا چاہیے ورنہ اس سے سیکڑوں پاکستانی بے روزگار ہوجائیں گے۔

عوام کی جانب سے کیے جانے والے تبصرے

ایک شخص نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک ہوتے ہوئے کسی دوسرے ملک جاکر غلامی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ساتھ ہی انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

ایک ہم وطن نے کہا کہ جب مقامی پولیس ہمیں پکڑتی ہے یاپھر کوئی مسئلہ درپیش آتا ہے تو پاکستانی سفارت خانہ کوئی تعاون اور مدد نہیں کرتا، ایک اور شہری نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے برے حالا ت کا قصور وار سفارتی کمزوری کو قرار دیا۔

ایک پاکستانی نے مضبوط دلیل کے ساتھ ہم وطنوں کو سعودی عرب میں پیش مشکلات کا ذمہ دار کم تعلیم کو قرار دیا۔

شہری کا کہنا تھا کہ کمپنیوں میں کام کرنے والے افراد کی کثیر تعداد غیر تعلیم یافتہ ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے اختیارات اور حقوق کا علم ہی نہیں ہوپاتا، حکومتی سطح پر اگر اس معاملے پر کام ہوجائے تو معاملات بہت حد تک حل ہوسکتے ہیں۔

فیس بک پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کئی شہریوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کو تنخواہیں وقت پر ادا نہیں کی جاتیں، کمپنیوں کی جانب سے ذہنی دباؤ ڈالا جاتا ہے اور چھٹیاں بھی نہیں دی جاتیں تاہم کفیل اس شرط پر چھٹی دیتے ہیں کہ چھٹی کے عوض کئی ریال ادا کرنے ہوں گے اور ساتھ میں دھمکایا بھی جاتا ہے کہ واپس آنے کی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔


ایک شہری نے کمنٹ کیا کہ وہ جدہ میں شمسی جیل میں ہیں ، کسی کو پانچ ماہ اور کسی کو 8ماہ ہوگئے ہیں ہمارا جرم صرف یہ ہے کہ ہمارا اقامہ ختم ہوگیا ہے۔

ادارے کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے چند ہی کمنٹس منتخب کیے گئے ہیں تاہم پوسٹ پر کیے جانے والے تمام کمنٹس پڑھنے کے لیے درج ذیل لنک پر کلک کریں۔

https://www.facebook.com/arynewsasiaurdu/photos/a.540462496043285.1073741828.537908132965388/1348544128568447/?type=3&theater

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں