کراچی : یوم علیؓ کے موقع پر ملک بھر میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے، سیکیورٹی کیلئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی مختلف مقاما ت پر تعینات کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوم علیؓ کے موقع پر نکلنے والے ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اوررینجرز کے اہلکار تعینات ہیں۔
کراچی میں یوم علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، نوہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کی ڈیوٹی انجام دیں گے، رینجرز کی جانب سے بھی شہر بھر میں سخت چیکنگ اور فلیگ مارچ کیا گیا جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں ایک روز کیلئے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔
مزید پڑھیں : یوم شہادت حضرت علیؓ،شہر شہر مجالس اور جلوس
راولپنڈی میں جلوس کے تمام راستوں کو کنٹینرز اور خار دار تاروں سے سیل کیا گیا اور دو ہزار پولیس اہلکار بشمول ایلیٹ فورس خواتین اہلکار اور رضا کار سیکورٹی کےلئے تعینات کیے گئے۔
سکھر میں پولیس کے پانچ سو سے زائد اہلکار ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر تعینات کئےگئے، رینجرز کے دستے بھی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔
لاہور میں بھی ماتمی جلوس کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، پولیس اور دیگر فورسز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔