اسلام آباد : پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیرعلی کا کہنا ہے نواز شریف مشرف کی طرح بیماری کا بہانہ بنا کر بھاگنے والے نہیں۔ الیکشن قریب ہیں اسی لیے ساری جماعتوں کاپرائم ٹارگٹ نواز شریف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت عابد شیرعلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشرف سے لیکرعمران خان سب کو لتاڑ دیا اور کہا کہ نوازشریف پرویز مشرف نہیں علاج کا بہانہ بنا کر دبئی بھاگ جائیں، ایک شخص اٹھ کر نوازشریف پر الزام لگاتا ہے ، ایک شخص کو اداروں کو برا بھلا کہنے کےلئے کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ الیکشن قریب ہیں اسی لیے ساری جماعتوں کاپرائم ٹارگٹ نواز شریف ہیں، الزام لگانے والے نے جے آئی ٹی یا سپریم کورٹ میں کوئی ثبوت نہیں دیا، آج آئین کے تقدس کےلئے جے آئی ٹی میں پیش ہوئے، کرپشن کرنے ،آئین توڑنے والوں کو آج کوئی نہیں پوچھتا ہے، لائن مین سے چیمپئن بننے والوں سے بھی پوچھا جائے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ عمران خان ریاستی اداروں کو لڑانے کی کوشش کررہے ہیں، نوازشریف حکومت کو توڑا گیا، آئین توڑا گیا اس پر بھی جے آئی ٹی بنائی جائے، ملک کی خدمت کرنے والوں کو کٹہرے میں لاکر آپ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، اب بہت ہوگیا مشرف سعودی خط لئے پھرتا ہے، اسکو کوئی نہیں پوچھتا۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان اداروں پروار کررہے ہیں،کیا ادارے بے بس ہیں، چیف جسٹس عمران خان کے خلاف ازخودنوٹس لیں، عوامی عدالت نوازشریف کو اپنے سرکا تاج بنائے گی، پلاٹ لینے والا عمران خان اور جہانگیرترین ارب پتی کیسے بنے، دبئی بھاگنے والے سے پوچھیں نوازشریف کے خلاف کیا ثبوت ملا۔