اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جاتی ہے تو جائے،کے پی کے عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کرونگا، ینگ ڈاکٹرز دوسروں کے ہاتھوں کھلونا نہ بنیں، ان سے صرف جائزمطالبات پر ہی بات ہوگی۔
یہ بات انہوں نے خیبرپختونخوا کے ہڑتالی ڈاکٹرز کے نام اپنے پیغام میں کہی، عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے لوگوں سے وعدہ کیاتھا کہ تعلیم، صحت کے نظام میں تبدیلی لاکر ان کو نیا کےپی کے دوں گا، امید کرتاہوں ہڑتالی ڈاکٹرز نیا کے پی کے بنانے میں میرے شانہ بشانہ ہونگے۔
عمران خان نے کہا کہ ہڑتال کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کرپٹ سیاسی ٹولے کے ہاتھوں کھلونا نہ بنیں، ڈاکٹرز کی دل سےعزت کرتا ہوں،صرف جائز مطالبات پر ہی ان سے بات ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں پالیسیاں بنانا ڈاکٹرز کا کام نہیں حکومت وقت کا کام ہوتا ہے، وزیرصحت کو آپ کے جائزمطالبات پربات کرنے کاحکم جاری کردیا گیا ہے۔
اگر ڈاکٹرزاپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں تو یہ ہم سب کے لئے انتہائی افسوسناک ہے ،تحریک انصاف کے ینگ ڈاکٹرز شہرام ترکئی اوردیگر مل کربیٹھیں اوردیکھیں کہاں چیزیں ٹھیک ہوسکتی ہیں۔
مزید پڑھیں: پشاور: پولیس اور ینگ ڈاکٹرز میں تصادم، تین گرفتار
انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سےجن وعدوں پرووٹ لیا ہے اسے ہرقیمت میں پوراکریں گے اورتعلیم وصحت کا نظام بہتر بنا کر دم لیں گے، حکومت جاتی ہے توجائے،کے پی کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کروں گا۔
یاد رہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں ینگ ڈاکٹرز نے اپنے حقوق کیلئے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، جس کے سبب شہر کے بیشتر اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ کو بھی دو گھنٹے علامتی طور پر بند کیا گیا۔