لاہور : پنجاب میں محکمہ فوڈ اتھارٹی کے ناقص دودھ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے تین سو چھیاسی گاڑیوں کو چیک کرکے چوبیس ہزارلیٹر سے زائد دودھ تلف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ملاوٹ مافیا کے کیخلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور سمیت مختلف شہروں میں ناقص دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے بتایا کہ شہروں کے تمام داخلی مقامات پرناکے لگا کر دودھ کی چیکنگ کی گئی، لاہور میں ایک سو بارہ گاڑیوں میں موجود چوون ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی، ملاوٹ ثابت ہونے پر آٹھ ہزار ایک سو نوے لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا۔
مزید پڑھیں : پنجاب : لاشوں کے کیمیکل کی ملاوٹ والا ہزاروں لیٹردودھ برآمد
راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ مختلف شہروں میں تین سو چھیاسی گاڑیوں میں موجود تقریبا تین لاکھ لیٹر دودھ چیک کیا گیا۔ کارروائی کے دوران چوبیس ہزار آٹھ سو بیالیس لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا۔