اسلام آباد : چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بلوچستان کے پورٹ سٹی گوادر میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر رواں سال تعمیراتی کام کا آغاز ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی معیار کے اس ایئرپورٹ منصوبے کاابتدائی تخمینہ 23ارب روپے لگایا گیا ہے، منصوبہ دو سے تین سالوںمیں مکمل کیا جائے گا۔
سی پیک سیکریٹیرٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔
علاوہ ازیں گوادار ائر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر ماسٹر سٹی پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادرا سپتال کی اپ گریڈیشن اور آب پاشی منصوبوں پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے۔
عنقریب شروع ہونے والے ان منصوبوں کی تکمیل سے گوادردنیا کے جدید شہروں کے صف میں شامل ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گوادر پورٹ اور سٹی کو مرکزی اہمیت حاصل ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
گزشتہ سال ستمبر میں گوادر فری ٹریڈ زون کا سنگِ بنیاد رکھتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے یہاں عالمی معیار کے ایئرپورٹ کی تعمیر اور دیگر منصوبے جلد شروع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایئرپورٹ کی تعمیر کے بعد یہاں سے خلیج اور یورپ کے لیے پروازیں چلیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا تھا کہ ان ترقیاتی منصوبوں سے گوادر میں 50 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی جن میں مقامی افراد کو نمایاں برتری دی جائے گی۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔