اسلام آباد : چمپیئنز ٹرافی کا اعزاز حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کیلئے وزیر اعظم نے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا، قومی کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ ہاؤس آنے اوراستقبالیے کی دعوت بھی دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چئمپئنزٹرافی جیتنے والی پاکستان ٹیم کے ہر کھلاڑی کو حکومت کی جانب سے ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے، چیپمئنز ٹرافی میں بھارت کو ناکوں چنے چبوانے والے شاہینوں کو دعوتوں کے انبار لگ گئے۔
چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے پی سی بی چیئرمین کو خط لکھا اورقومی کرکٹ ٹیم کو پارلیمنٹ ہاؤس آنے اوراستقبالیے کی دعوت دی، اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پوری قومی کرکٹ ٹیم، شہریارخان اور نجم سیٹھی کوبلائیں گے۔
وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ محمد عامرکی چار گیندیں گیم چینجرثابت ہوئیں، محمد عامر نے بہترین بیٹسمین کو چانس ملنے پر دوبارہ آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں: چیئرمین پی سی بی کی قومی ٹیم کومبارک باد، انعامات کی بارش
وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے چیمپئن بن کر قوم کا سرفخر سے بلند کردیا، قومی ٹیم نے ہرشعبے میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
بہترین کارکردگی پر قومی ٹیم پذیرائی کی مستحق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کھیلوں کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوگی۔