لاہور: پری مون سون کے موسم میں محکمہ موسمیات نے ہائی الرٹ جاری کردیا، ستائیس اور اٹھائیس جون کو پنجاب میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پری مون سون موسم کا آغاز ہوگیا ہے ، محکمہ موسمیات نے صوبہ پنجاب میں عید کے دنوں میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اعلان میں واضع کیا ہے کہ ستائیس اور اٹھائیس جون کو طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے، اسی کے پیش نظر تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
تمام اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں تاکہ طوفانی بارش سے شہریوں کو کسی بھی آفت سے محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کیلئے بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹوں کےدوران حیدرآباد، کوئٹہ ملتان،فیصل آباد،لاہور،اسلام آباد اور پشاور سمیت بیشتر علاقوں میں موسم گرم،مرطوب اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق میرپورخاص،قلات اور ژوب ڈویژن میں بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ کراچی سمیت سندھ کےساحلی علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
گزشتہ روز سب سےزیادہ درجہ حرارت نوکنڈی،دالبندین میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔