جھنگ: حالیہ بارشوں کے بعد پنجاب میں بڑے سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا، بارشوں نے دریاؤں میں طغیانی پیداکردی۔ جھنگ میں سیلابی ریلا دیہات میں داخل ہونے سے بند ٹوٹنے کا خدشہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا، دریائے جہلم اور چناب میں طغیانی کے باعث سیلابی پانی نے آبادی کا رُخ کرلیا۔
جھنگ میں ہیڈ تریموں کےمقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے سےکئی دیہات متاثر ہوئے ہیں، سیلابی ریلا دیہات میں داخل ہونے سے رنگ پورمیں بند ٹوٹنے کا خدشہ ہوگیا ہے۔ اہل علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
مزید پڑھیں : پنجاب میں بارشوں سےتباہی،10 ہلاک
سیلابی ریلے نے تیارفصل کو بھی نقصان پہنچایا، حالیہ بارش نے انتظامیہ کی نااہلی کا پول کھول دیا۔ رنگ پور میں دریائے چناب کی نشیبی بستیوں کے لیے کروڑوِں روپے کی لاگت سے بنائے جانےبندوں میں جگہ جگہ گڑھے پڑگئے ہیں۔
ٹوٹے ہوئے بندوں نے مکینوں کی نیندیں اڑادی ہیں، اس کے علاوہ چنیوٹ میں بھی سیلابی ریلے سے پندرہ سےزائد گاؤں متاثرہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔