اینٹیگا: ویسٹ انڈیز نے بھارت کو چوتھے ون ڈے میں شکست دے دی، کوہلی الیون190رنز کا ہدف بھی حاصل نہ کرسکی، بھارت کی پوری ٹیم صرف 178رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان سے بد ترین شکست کے بعد تاحال تنزلی کا شکار ہے۔ اسے نویں نمبر کی ٹیم ویسٹ انڈیز نے بھی ہرا دیا، اینٹیگا میں بھارت کی ٹیم جیتا ہوا میچ ہارگئی۔
پاکستان سے ہارنے کے بعد سے اس کا غرور کم اور کھیل مزید خراب ہو رہا ہے۔ سر ویوین رچرڈز اسٹیڈٰیم میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھارت کو صرف 190رنز کا ہدف دے سکی تھی۔ اس کا کوئی کھلاڑی نصف سنچری بھی نہ بناسکا تھا۔ امیش یادو، پانڈیا اور کلدیپ یادو نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں ایک سو اٹھتر رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بیٹنگ کے بڑے بڑے بھارتی سورما کچھ نہ کرسکے۔
دنیا کے بہترین بلے باز سمجھے جانے والے انڈین کھلاڑی کیربین باؤلرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہے۔ جیسن ہولڈر نے پہلی بار ون ڈے میں27رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔