شکار پور: صوبہ سندھ کی تحصیل خانپور کے قریب گاؤں 10 میل میں جتوئی قبائل کے بڈانی اور سعد خانانی گروہوں میں گزشتہ روز ہونے والے خونی تصادم میں زخمی ایک اور شخص دم توڑ گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی کو عہدے سے ہٹا دیا۔
تفصیلات کے مطابق شکار پور کے کچے کے علاقے میں گزشتہ روز جتوئی برادری کے 2 گروہوں کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
جاں بحق افراد کی میتیں گھروں کو پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔ دونوں جانب کی فضا سوگوار اور لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔
گذشتہ روز سے جاری کشیدگی پر پولیس نے کئی گھنٹے بعد قابو پایا۔ اب تک 10 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، علاقے میں پولیس کا گشت جاری ہے جبکہ صورتحال تاحال کشیدہ ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے خونی تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ذیشان صدیقی کو عہدے سے ہٹا کر ایس ایس پی قمبر شہداد کوٹ کو تعینات کردیا ہے۔