جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

پی ایس 114: پی پی کا جلسہ، بدترین ٹریفک جام

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے حلقہ پی ایس 114 میں پی پی کے جلسے اور دیگر سیاسی شخصیات کی آمد کے سبب محمود آباد اور شاہراہ فیصل پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، لوگ گھنٹوں پھنسے رہے، گاڑیاں چھوڑ کر پیدل سفر عبور کیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے حلقہ پی ایس 114 میں انتخابی مہم جاری ہے، پیپلز پارٹی نے جلسے کا اعلان کیا جس میں خطاب کے لیے بلاول بھٹو زرداری جب پہنچے تو وی آئی پی موومنٹ کے سبب سڑکیں بند کردی گئیں جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا جو شاہراہ فیصل تک پہنچ گیا۔

آج یہاں صرف پی پی کے رہنماؤں کی آمد نہیں ہوئی بلکہ دیگر سیاسی شخصیات بھی انتخابی مہم چلاتی نظر آئیں جس کے باعث راستے بند رہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، لوگ ٹریفک جام کی وجہ سے طویل فاصلہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہوگئے، وی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے جگہ جگہ پولیس نفری تعینات رہی۔

اطلاعات ہیں کہ ٹریفک جام بڑھتے بڑھتے شاہراہ فیصل اور ڈرگ روڈ اور کالونی گیٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث لاکھوں شہری متاثر ہوئے، لسبیلہ اور جہانگیر روڈ پرسیوریج کے پانی کی وجہ سے پہلے ہی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی محمود آباد پہنچے اور پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ ریلی نکالی۔

مزید براں پیپلز پارٹی کے جلسے میں صحافیوں کے لیے بھی کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، مختلف ٹی وی چینلز کی 10 ڈی ایس این جیز کو کوریج سے روک دیاگیا۔

جلسہ گاہ میں کارکنان سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات نظر آئے، صحافیوں کو بیٹھنے کی بھی جگہ نہیں ملی، ان کے لیے کرسیاں کم پڑگئیں تو وہ احتجاجاً سڑک پر بیٹھ گئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں