راولپنڈی : سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نثار اور اسحاق کی خاموشی پُراسرار ہے کیوں کہ وہ نواز شریف کو مزید نہیں دیکھنا چاہتے ہیں اور میں جے آئی ٹی ارکان کو سلیوٹ کرتا ہوں جنہوں نے نواز شریف کی جانب سے خریدنے کی بھاری پیشکش کو مسترد کردیا۔
وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان ہر شخص اور ادارے کو بریف کیس دے کر خریدنے کی کوشش کرتے ہیں اسی طرح دبئی میں جے آئی ٹی کے دو ارکان کو بھی خریدنے کی کوشش کی گئی لیکن منہ کی کھانی پڑی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور حکومت میں فوج کے ساتھ کشیدہ تعلقات رکھے اور اپنے اختیارات سے تجاوز کیا یہی وجہ کہ نوازشریف کی ہر آرمی چیف سے کشتی ہوئی ہے اور اب بھی یہ فوج کو چیلنج کر رہے ہیں لیکن عوام قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دوراندیش سیاستدان ہیں جو گرم جگہ پر پاﺅں نہیں رکھتے تاہم وہ کسے دباؤ میں ہیں اور کیا کرنا چاہتے ہیں اس کا اندازہ نہیں میں اور میری جماعت عمران خان کے ساتھ ہے اس کے علاوہ کسی اور جماعت سے اختلاط کی خبریں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
شیخ رشید نے گزشتہ شب مسلم لیگ (ن) کے چار وزراء کی پریس کانفرنس میں جے آئی ٹی کو تنقید بنانے اور فیصلہ قبول نہ کرنے کی مشروط دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کل چاروں وزیر نہیں بلکہ نئے بھانڈ دفاع کو آئے ہیں جب کہ اس سے قبل موٹو گینگ آیا کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو نواز شریف کے خلاف سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہے وہ خود اپنے خلاف کے لئے سازش کرنے کے لیے کافی ہیں اس لیے مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ یہ جے آئی ٹی پرسپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے چیف جسٹس سے کہیں گے کہ ہمارے خلاف سازش ہو رہی ہے۔
شیخ رشید نے ماضی میں جیل میں گزارے گئے اپنے واقعات کو دہراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ایک تصویر کے ریلیز ہونے پر قیامت بر پا کر دی گئی ہے جب کہ ہم جیسے عوامی لوگ جب جیل میں تھے تو ساتھ والے سیل میں میرا والد اور دو بھائی بند تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں میرے اہل خانہ نے تو بندوقوں کے سائے میں گرفتاریاں اور تفتیشیں بھگتی ہیں جب کہ میں نے تواپنی ماں کے جنازے سے سلام پھیرا تو سات سال کے لیے قید کاٹنے چلا گیا تھا اور یہ لوگ صرف اس تصویر پر رو رہے ہیں جہاں اے سی ، ٹشو ، اخبار سمیت دیگ چیزیں بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بازاری زبان استعمال کی، اگر مسلم لیگ (ن) نے سپریم کو رٹ کے خلاف کوئی اقدام اٹھایا تو میں اور عمران خان اتنی عوام کو سڑکو ں پر لائیں گے کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی عوام سڑکوں پر نہیں آئی ہو گی۔
اس موقع پرانہوں نے نوازشریف کوچیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگرمقابلے کی غلط فہمی ہے تووہ جگہ کا انتخاب کریں کہ عمران خان اور شیخ رشید مقابلے کے لئے تیار ہیں اور شرمناک شکست فاش سے دوچار کریں گے۔