بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

دھمکی آمیز تقریر: نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور سینیٹر نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ انہوں نے چند روز قبل اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے پاناما کیس کی تفتیش کے لیے بنائی جانے والی جے آئی ٹی کے اراکین کو کھلے عام دھمکیاں دی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد کردی۔ سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی دھمکی آمیز تقریر کے بعد از خود نوٹس لیا تھا۔

کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران نہال ہاشمی کے وکیل حشمت حبیب نے تقریر کا متنازعہ حصہ عدالت میں پڑھ کر سنایا۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس شیخ عظمت نے استفسار کیا کہ ’حساب لینے والوں، تمہارا یوم حساب بنا دیں گے‘، یہ اشارہ کس کی طرف تھا؟ کیا آپ کہنا چاہتے ہیں کہ یہ حصہ آپ کی تقریر کا نہیں۔

مزید پڑھیں: متنازع تقریر پر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ ن سے نکال دیا گیا

نہال ہاشمی کے وکیل نے جواب دیا کہ عمران خان روز کہتے تھے ہم تلاشی لے رہے ہیں۔ یہ بات ان کے لیے کہی گئی۔

نہال ہاشمی نے استدعا کی کہ مجھے وضاحت کا موقع ملنا چاہیئے جس پر عدالت نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جواب دیا کہ جواب تو آپ جمع کروا چکے ہیں اب مزید کیا دلائل دیں گے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ جیل نہیں بھیج رہے ہیں، صرف فرد جرم عائد کر رہے ہیں۔

کیس کی مزید سماعت 24 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل لیگی رہنما نہال ہاشمی نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے جے آئی ٹی کو کھلے عام سنگین دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم تمہارا یوم حساب بنا دیں گے۔

نہال ہاشمی کی متنازعہ تقریر کے بعد ان کی مسلم لیگ ن سے رکنیت بھی خارج کردی گئی تھی۔

دو روز قبل کراچی کی مقامی عدالت میں دائر اس تقریر کے خلاف مقدمے میں عدالت نے دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کی بھی ہدایت کردی تھی۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں