اسلام آباد : سپریم کورٹ میں پیش کردہ حتمی جے آئی ٹی رپورٹ کی خبر کو دنیا بھر کے اخبارات اور جرائد نے ٹاپ اسٹوری کے طور پر شائع کیا۔
عالمی منظر نامے میں بھی شریف خاندان کے خلاف جاری پانامہ لیکس جے آئی ٹی رپورٹ کی خبر کو نمایاں جگہ دی گئی، صف اول کے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے سرخی لگائی کے الزامات ثابت ہونے کے باوجود وزیر اعظم نواز شریف نے استفیٰ دینے سے انکار کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق انیس سو نوے سے اقتدار میں موجود شریف خاندان کے خلاف کرپشن کیس ایک بار پھر کھل گیا ہے۔
معاشی خبروں کےحوالے سے مستند نام بلوم برگ نے سرخی لگائی کہ نامعلوم زرائع سے حاصل دولت پر وزیراعظم کا عدالتی کاروائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ایسی ہی ہیڈلائن سنگاپور کے اخبار اسٹریٹس ٹائمز کی بھی تھی۔
جے آئی ٹی حتمی رپورٹ کی گونج بھارت میں بھی سنائی دی، ہندوستان ٹائمز نے لکھا کہ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی تحقیقاتی رپورٹ نواز شریف کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گی۔