اسلام آباد : ترجمان تحریک انصاف فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی اخبار کہتا ہے نوازشریف کو پاک فوج مخالف دیکھا جاتا ہے، بھارت چاہتا ہے نوازشریف اقتدارمیں ہی رہے، عمران خان کی نااہلی کسی صورت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی کسی صورت نہیں ہوگی انہوں نے کچھ نہیں کیا، مافیا کا مقابلہ کرنا آسان نہیں، ہماری ٹیم مقابلہ کررہی ہے، بنی گالہ کی منی ٹریل پیش کی،جمائما نے بھی ریکارڈ بھیج دیا، لندن اپارٹمنٹ کی خرید و فروخت کے ریکارڈ کا مطالبہ کیا گیا جو پیش کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیسے حلال کے ہوں اور قطریوں کے نہ ہوں تو منی ٹریل مل جاتی ہے، عمران خان نے 1971سے ریکارڈ نکال لیا ہے، وہ بھی پیش کریں گے، سپریم کورٹ سوال پوچھتی ہے تو یہ ہمارا فرض ہے کہ جواب دیں، عوام کے مینڈیٹ کی بات کرنے والوں کا دامن صاف ہونا ضروری ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے چمچوں نے جو الزامات لگائے اس کا جواب دے رہے ہیں، پاکستانی قانون کے مطابق لندن اپارٹمنٹ کو ڈکلیئرکرنا ضروری نہیں تھا، 1997 میں ضروری نہیں تھا کہ الیکشن کمیشن کے فارم میں اثاثے بتائیں، الیکشن کمیشن کے فارم میں اثاثوں کا خانہ2002 میں آیا۔
انکا کہنا تھا کہ لیگی رہنما وکیلوں سے مشاورت کے بعد میڈیا بریفنگ دیا کریں، ن لیگ کو بھی نیسکول نیلسن کی طرح منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا گیا، سعدرفیق2سال سے اسٹے آرڈر پر وزارت ریلوے پر براجمان ہیں، سعدرفیق پر الزام ہے کہ انہوں نے پرائز بانڈ کے ذریعے پیسہ وائٹ کیا اور ریلوے کی زمینوں کو فروخت کررہےہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اسحاق ڈار کرپشن کرکےمنی لانڈرنگ کاپیشہ باہرلےجاتےہیں، مذہب کا لبادہ اوڑھ کر کرپشن کرنے والے سب سے خطرناک ہیں، اسحاق ڈار،بیرسٹر ظفر اللہ جتنےمذہبی بنتے ہیں، اتنےہی کرپٹ ہیں، مذہب کا لبادہ اوڑھنے والے کچھ ایسے صحافی بھی ہیں، جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاناماکیس کا معاملہ گیم اوور ہے، غیریقینی صورتحال سے بچنے کیلئے استعفیٰ دینا چاہیے، مسلم لیگ ن کو بھی وزیراعظم سے متعلق سوچنا چاہیے، آئندہ ہفتے سے امید ہے پاکستان میں غیریقینی صورتحال ختم ہو جائے گی۔
بھارتی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی اخبار کی خبر سے لگتا ہے نوازشریف کو پاک فوج مخالف دیکھا جاتا ہے، پاک فوج مخالف ہونے کی وجہ سے نوازشریف کا بھارت کو فائدہ ہوگا، بھارت چاہتا ہے نوازشریف اقتدار میں ہی رہے، بھارت کونوازشریف کے اقتدار میں رہنے سے فائدہ ہورہا ہے، مودی کے نوازشریف سےتعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، بتایا جائے نوازشریف نے بھارت سے کیسے تعلقات رکھےہیں، یہ کیسی خبریں آرہی ہیں نوازشریف کے جانے کا بھارت کو نقصان ہوگا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن رپورٹ کوتبدیل نہیں کیاجاسکتا، شریف خاندان کے خلاف کرمنل انکوائری چل رہی تھی، شریف خاندان کےخلاف کرمنل انکوائری کی رپورٹ بھی آچکی ہے، جھوٹی خبر لگاتے ہیں اور بعد میں معافیاں مانگتےہیں، جنگ گروپ کی جانب سے جھوٹی خبریں لگانے کا سلسلہ جاری ہے، جنگ گروپ جیسےادارے ملک کویرغمال بناناچاہتےہیں، معافی کافی نہیں،ایسی خبروں کا سخت نوٹس اور سرزنش کرنی چاہیے۔