اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نااہل قراردینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ میں وزیراعلیٰ سندھ کی نااہلی کے لیےدائر کی گئی درخواست میں محمود اخترنقوی کی جانب سے موقف اختیارکیا گیا ہے کہ مراد علی شاہ 2012 میں دہری شہریت کیس میں نااہل ہو چکے ہیں جس کے بعد غلط کاغذات جمع کرا کے ضمنی الیکشن جیتا تھا۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ 2008 میں الیکشن جیتنے والے مراد علی شاہ کے خلاف دہری شہریت رکھنے پر 2012 میں عدالت نے اپنے فیصلے میں مراد علی شاہ کو تمام مراعات اور تنخواہیں واپس کرنے کا حکم دیا تھا لیکن مراد علی شاہ نے اب تک عدالتی حکم پرعمل درآمد نہیں کیا ہے۔
درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ مراد علی شاہ نے جھوٹے حلف نامے پر پی ایس 73 جامشورو سے ضمنی انتخاب لڑا، انہیں ملی بھگت سے ضمنی انتخاب میں کامیاب کرایا گیا جب کہ صوبائی الیکشن کمیشن نےعدالتی حکم پرعمل درآمد نہیں کیا اورمراد علی شاہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
واضح رہےکہ درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہےکہ وزیراعلیٰ سندھ کو عہدےے ہٹانے کا حکم دیا جائے اور انہیں تمام مراعاتیں اور سرکاری خزانے سے حاصل کی گئی رقوم 15 دن میں واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔