اٹھمقام : وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز نے پاک فوج کی گاڑی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی دریائے نیل میں جا گری اور گاڑی میں سوار 4 جوان دریا میں بہہ گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق دیائے نیلم کے نزدیک لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے پاک فوج کی گاڑی پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جا گری اورپاک فوج کے چار جوان دریا میں بہہ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی نیلم میں اٹھمقام کے قریب ستھریاں کے مقام پر بھارتی فوج کی جانب سے پاک آرمی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے فائرنگ کے باعث گاڑی توازن برقرار نہ رکھ سکی اور دریائے نیلم میں جا گری اور گاڑی میں سوار چاروں جوان دریا میں بہہ گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شہداء کی تلاش شروع کردی اورغوطہ خوروں نے دریائے نیلم سے 1 شہید کا جسد خاکی نکال لیا ہے جب کہ دیگر 3 جوانوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے بنکرز اور چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔