پشاور: حیات آباد میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے میجر جمال کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی جب کہ 4 زخمی اہلکاروں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دھماکا ہوا، جس کے باعث میجرجمال شہید جب کہ 4 اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق حیات آباد میں نامعلوم موٹرسائیکل سوارخود کش حملہ آور نے ایف سی کی گاڑی کونشانہ بنایا جو اس وقت باغ ناران کے قریب پیٹرولنگ پر تھی جس کے نتیجے میں میجر جمال موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ 4 اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال سی ایم ایچ پشاور منتقل کردیا گیا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، دھماکا خودکش معلوم ہوتا ہے تاہم ابھی تک اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
مزید پڑھیں : خیبر ایجنسی میں دھماکہ‘ 1سیکیورٹی اہلکارشہید ‘3زخمی
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور خودکش حملےمیں شہید ہونے والے میجرجمال کی نمازجنازہ اداکردی گئی جس میں گورنرکے پی کے ظفر اقبال جھگڑا، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک، کورکمانڈرپشاور سمیت دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید میجرجمال کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی کو تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے جہاں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ شہید کی تجہیز و تدفین ادا کی جائے گی۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں خیبر ایجنسی میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔