جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

اپوزیشن رہنماؤں کا ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد :اپوزیشن رہنماؤں نے ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاناما علمدرآمد کیس کی سماعت کے موقع پر اپوزیشن رہنماؤں نے ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج پور ی قوم کی نظر یں سپر یم کورٹ پر لگی ہیں۔ اس کیس سے پاکستان کا مستقبل جوڑ ا ہوا ہے، ججز پر بہت بڑی ذمے داری عائد ہے۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ دعا ہے اللہ ہمیں سرخرو کرے، دعا ہے پاکستان جس بھنور میں پھنسا ہے اس سے آزاد ہو جائے، دعا ہے پاکستان درست سمت کی طرف گامزن ہوجائے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ استعفے کا مطالبہ تحریک انصاف کچھ عرصے سے کررہی ہے، آج دیگرجماعتیں بھی وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کررہی ہیں، ملک کی بارایسوسی ایشنز کی جانب سے متفقہ قراردادیں پیش کی گئیں، قانونی ماہرین کی رائے ہے ملک کے مفاد میں نوازشریف مستعفی ہوں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کا ایک طبقہ کہتا ہے وزیراعظم مستعفی ہوکر کسی اور کو نامزد کردیں، حکومت کی پالیسی تو معاملے کو لٹکانے اور طوالت دینے کی ہے، جےآئی ٹی کے راستےمیں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی گئی۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق ابتک جےآئی ٹی پر کوئی اعتراض داخل نہیں کیا، ن لیگی کیس کی پیروی کرنے والا ہر وکیل قطری کی طرح کترارہا ہے۔

جے آئی ٹی نے دھمکیوں کے باوجود 60دن میں بہت بڑا کام کیا، نواز شریف کو اب جانا ہوگا، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان اورعوام کیلئے بہت اہم ہے، پاناما کا فیصلہ انکے خلاف آیا تو کلین پاکستان نکلے گا، جے آئی ٹی نے دھمکیوں کے باوجود 60دن میں بہت بڑا کام کیا، حکومت کسی بھی چیزکا جواب نہیں دے سکی ، اگر50 ہزار لوگ احتساب کے نتیجے میں جیل جائیں تو اچھا ہوگا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ کرپشن فری پاکستان کیلئے نواز شریف کے جانے کا مطالبہ کر رہےہیں، اب کوئی ڈنڈا اٹھا کر سپریم کورٹ کا محاصرہ نہیں کرسکتا، کیس کےفیصلے سے کرپشن فری پاکستان بنے گا، احتساب ہوگیا تو کرپشن فری معاشرہ تشکیل پائے گا، پانامالیکس میں جس کا نام بھی ہے، اسکے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم پہلے وزیراعظم کا اور پھر پاناما میں نام آنے والے افراد کا احتساب چاہتےہیں، عدالت کو یقین دلاتے ہیں پوری قوم سپر یم کورٹ کے ساتھ ہے، کوئی کرپٹ آدمی ایوان میں نظر نہیں آنا چاہئے۔

نوازشریف کے پاس وزیراعظم کےعہدے پر رہنے کا جواز نہیں رہا ،فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کرتے ہوئے کہا یہ معاملہ چل پڑا ہے سب کی کوشش ہے کیس منطقی انجام تک پہنچے، عدالت آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریگی، وزیراعظم کو جےآئی ٹی رپورٹ کے بعدمستعفی ہوناچاہئےتھا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے پاس وزیراعظم کےعہدے پر رہنے کا جواز نہیں رہا، عہدے سے ہٹ کر کیس کا سامنا کرتے تو نوازشریف کا مورال بڑھتا ، کیس مسلم لیگ(ن) اور پارلیمنٹ کی آزمائش ہے ، ن لیگ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اپنے وزیراعظم کو مشورہ دینا ہوگا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں