نیویارک : امریکہ میں پولیس گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر امریکہ بھر میں تشویش پائی جاتی ہے، اس مرتبہ آسٹریلوی خاتون پولیس گردی کا شکار ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پولیس گردی کے واقعات میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور اسی طرح کا ایک واقعہ منی سوٹا میں پیش آیا ، جب چالیس سالہ خاتون جسٹن ڈیمنڈ نے گزشتہ رات انہوں نے گھر کے پاس کچھ افراد کے درمیان جھگڑے کی اطلاع نائن ون ون کو دی ، جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور غلطی سے اطلاع دینے والی خاتون کو ہی قتل کر ڈالا۔
جسٹن ڈیمنڈ اپنے منگیتر کے ساتھ گزشتہ تین سال سے امریکی ریاست منی سوٹا میں رہائش پذیر تھیں اور آئندہ ماہ ان کی شادی بھی ہونے والی تھی۔
مزید پڑھیں : امریکی پولیس اہلکار نے 15سالہ بچے کو گولیاں مار کے قتل کر دیا
۔پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق واقعہ میں ملوث دونوں پولیس اہلکاروں نے واقعہ کے دوران وردی پر لگے کیمروں کو بند کر دیا تھا، دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد قانونی کاروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
دردناک واقعہ پر آسٹریلوی وزارت خارجہ نے امریکی حکومت سے سرکاری طور پر احتجاج کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تفتیش اورپولیس اہلکاروں کیخلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ منی سوٹا میں اس قتل پر سینکڑوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے واقعہ کے اصل حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔