کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوان کیوئسٹ نسیم اختر کو اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔نسیم اختر کچھ دن قبل جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر وطن لوٹے تھے۔
نسیم اخترنےبیجنگ میں ہونے والی جونیئر ورلڈ اسنوکر چیمپیئن شپ جیتنے کے وطن واپسی پر وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے ایوارڈ میں تعلیمی اخراجات کیلئے اسکالر شپ کا مطالبہ کیا تھا۔
پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر جاوید کریم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تعلیمی اخراجات کے طور پر اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا ہے، وہ بہت جلد جونیئر ورلڈ چیمپیئن سے ملاقات کریں گے۔
جاوید کریم کے مطابق کھیل کے کے ساتھ علم سے آگاہی ہر کھلاڑی کے لیے ضروری ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر یہ بات ثابت کی جائے کہ عمدہ کھیل کے جوہر دکھانے والے کیوئسٹ اعلی تعلیم یافتہ بھی ہیں۔
نسیم اختر کا تعلق ساہیوال کے محنت کش گھرانے سے ہے۔ اس خاندان کے باصلاحیت فرزند نے کبھی بھی محنت سے جی نہیں چرایا اور رواں سال کے آغاز میں بھارتی شہر چندی گڑھ میں ہونے والی ایشین جونیئر چیمپیئن شپ میں برانز میڈل جیتا اور اب وہ واحد پاکستانی کیوئسٹ ہیں جنھوں نے ورلڈ جونیئر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
نسیم اختر کا کہنا ہے کہ وہ آبائی شہر میں اسنوکر کی عدم سہولیات کے باعث لاہور جا کر تیاری کرتے تھے جس کا صلہ مل رہا ہے۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔