لاہور : شریف خاندان کے گرد گھیرا تنگ ہونے پر پنجاب حکومت نے اساتذہ اور طلبا کے ذریعے پروپیگنڈا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نوازشریف کو بچانے کیلئے اساتذہ اور طلبہ سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے، گورنمنٹ کالج لاہور میں ساڑھے چودہ سو کے قریب پرنسپل کو مدعو کیا اوردو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں شرکت کرنے والے اساتذہ کے دو روزہ سیشن پر ٹی اے ڈی اے اور کھانے کی مد میں پانچ کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
صوبائی وزیررضا گیلانی نے پرنسپلز کو ہدایت کی کہ اساتذہ اور طلبا کو لیکچر دیئے جائیں کہ نواز شریف کے خلاف سی پیک کی وجہ سےسازش کی جارہی ہے۔
رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سب کو مل کر اس سازش کو ناکام بنانا ہے ، نواز حکومت بچ گئی تو تنخواہیں دگنی کر دی جائیں گی۔
دوسری جانب گورنمنٹ کالج انتظامیہ کا کہنا ہے محکمہ تعلیم نے دو روزہ تقریب کیلئے بخاری ایڈیٹوریم مانگا تھا، اس تقریب سے گورنمنٹ کالج کا کوئی تعلق نہیں۔