راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول پرشہری آبادی کو نشانہ بنانے کے بھارتی دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ایک پروفیشنل فورس ہے جو شہری آبادی کو نشانہ بنانے کو غیر اخلاقی فعل سمجھتی ہے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ڈی جی ایم او سے بھارتی ڈی جی ایم او کا ہاٹ لائن پر بھارت کی درخواست پر رابطہ ہوا ہے جہاں بھارتی ڈی جی ایم او نے پاک فوج کی جانب سے شہری آبادی کونشانہ بنانے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج ایک پروفیشنل فورس ہے جو شہری آبادیوں میں معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کو غیراخلاقی فعل سمجھتی ہے اور ایسے کسی بھی قدم کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے اُس پار رہنے والے بھی پاکستانی کشمیری ہیں جو کہ ہمارے بھائی ہیں اور اپنے بھائیوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا البتہ پاک فوج کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب بھارتی پوسٹوں کونشانہ بناکرضروردیتی ہے۔