تازہ ترین

قانون کی خلاف ورزی، سعودی شہزادہ گرفتار

ریاض: سعودی عرب میں شہریوں اور خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک کرنے والے سعودی شہزادے سعود بن عبدالعزیز بن مساعد بن سعود بن عبد العزیز کو پولیس نے شاہ سلمان کے حکم پر گرفتار کرلیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی شہزادے اور اُس کے ساتھیوں پر خواتین سے بدتمیزی اور عام شہریوں سے نازیبا سلوک برتنے کی متعدد شکایات موصول ہوئیں، جس پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر نوجوان سعودی شہزادے کوگرفتار کرنے کا حکم دیا۔

ریاض پولیس نے شاہ سلمان کی ہدایت ملنے کے بعد ملزم کی تلاش شروع کی اور چند ہی گھنٹوں بعد سعودی شہزادے کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا، پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں جن کی تحقیقات کی جائیں گی۔

سعودی شہزادے کی گرفتاری کی ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے لمبی زلفوں والے شہزادے سعود بن عبدالعزیز بن مساعد بن سعود بن عبدالعزیز کو ہتھکڑیان پہنا کر گرفتار کرلیا اور اُسے ایک عمارت کی طرف لے کر جارہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -