گوجرانوالہ : پنجاب میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی نہیں روکی جاسکی، پتنگ بازی نے ایک اور شخص کی جان لے لی، گوجرانوالہ کے محلہ فاروق گنج میں کٹی ہوئی پتنگ کی ڈور سے باپ جاں بحق بیٹی اور بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے، پتنگ بازی نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھا دی۔
گوجرانوالہ میں دھاتی ڈور بجلی کے تاروں میں الجھی اورسانحہ ہوگیا، محلہ فاروق گنج میں چودہ سال کی عیشا اورسات سالہ حنین چھت پر کھیل رہے تھے۔
اس دوران بچوں نے ایک کٹی ہوئی پتنگ پکڑنے کی کوشش کی تو قاتل ڈورمیں دوڑتے کرنٹ نے دونوں بچوں کو پکڑ لیا۔ باپ عبدالغفار بچوں کی چیخیں سن کر انہیں بچانے آیا۔
بدنصیب باپ نے بچوں کو تو بچالیا مگرخود کو کرنٹ سے نہ بچا سکا، دھاتی ڈور میں الجھا عبدالغفار موقع ہی دم توڑ گیا جبکہ کرنٹ لگنے سے دونوں بچے بھی زخمی ہوگئے۔
پنجاب میں پتنگ بازی اور دھاتی ڈور پر پابندی مذاق بن کررہ گئی ہے، پتنگیں بھی اڑ رہی ہیں، دھاتی ڈوربھی موت بانٹ رہی ہے، لیکن ان موت کے سوداگروں کو کوئی پکڑنے والا نہیں۔
واضح رہے کہ پتنگ بازی میں سدی مانجھے کی جگہ کیمیکل ڈور کے استعمال نے لا تعداد گھروں میں صف ماتم بچھا دی ہے، اس حوالے سے بسنت میلوں میں بھی اکثر ایسے واقعات پیش آچکے ہیں کہ جس میں کئی گھروں کے چراغ بجھ گئے۔