لاہور : گیلپ پاکستان کی جانب سے تازہ ترین سروے نتائج جاری کر دیے ہیں ، جس میں عوام کی اکثریت نے فیصلہ سنایا کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں اور گھر جائیں جبکہ عدلیہ اور فوج کو معتبر ادارے قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد گیلپ پاکستان کے تازہ ترین سروے میں کئی دلچسپ نتائج سامنے آئے ہیں، عوام نے عدلیہ اور فوج کوسب سے زیادہ معتبر ادارے قرار دیا، جبکہ جے آئی ٹی کی تحقیقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اکثریت کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کو اب گھر جاناچا ہیے۔
سروے کے مطابق 79 فیصد عوام نے عدلیہ اور فوج کو مشترکہ طور پر سب سے معتبر ادارہ قرار دیا جبکہ سب سے کم یعنی 38 فیصد پولیس ڈپارٹمنٹ پر یقین رکھتے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں اکثریت یعنی 51 فیصد عوام نے نواز شریف کو سیاست سے کنارہ کش ہو کر گھر بیٹھنے کا مشورہ دیا۔
سروے میں سوال کیا گیا کہ کیا مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف کی بطور وزیر اعظم کی نامزدگی قبول ہے؟ تو جواب میں 59 فیصد عوام نے اس تبدیلی کے حق میں جبکہ 41 فیصد لوگوں نے شہباز شریف کو نیا وزیراعظم بنانے کی مخالفت کی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں 73 فیصد عوام نے بتایا کہ وہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بارے میں جانتے ہیں یا اس کے بارے میں سنا ہے۔
واضح رہے کہ گیلپ پاکستان کی جانب سے یہ سروے ملک کے مختلف شہروں میں کیا گیا۔