سکھر : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاناما کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی وزیراعظم کو مستعفیٰ ہوجانا چاہیے تو رہی سہی عزت بچ سکتی ہے۔
وہ اپنے حلقہ انتخاب سکھر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اور اب وزیراعظم بھی اپنی عزت محفوظ بناتے ہوئے فیصلہ آنے سے قبل ہی اپنے متبادل کو لے آئیں تاکہ رہی سہی عزت بچ جائے
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے ساتھ عمران خان بھی سپریم کورٹ کی گرفت میں آئیں گے اور مجھے لگتا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد کپتان کی باری آئے گی اور اگر کوئی اپوزیشن جماعت اگر نواز شریف کی حمایت کرتی ہے تو سیاسی نقصان بھی اسے ہی ہوگا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نازک صورت حال میں ہیں منی ٹریل بھی نہیں بتا سکے اور دستاویزات بھی جعلی نکلیں جب کہ اقامہ الگ نکل آیا ہے جب کہ اقامہ کسی نوکری کے لئے ہوتا ہے اور اس سے تنخواہ لی جاتی ہے گو کہ اقامہ اور دہری شہریت جرم نہیں لیکن اسے چھپانا ضرور جرم ہے۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے مولانا فضل الرحمان کا نام لیے بغیر کہا کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل ہرجماعت اپنی پالیسی میں آزاد ہے تاہم اگر کوئی اپوزیشن جماعت وزیراعظم کی حمایت کرے گی تو اس کا سیاسی نقصان بھی خود اسے ہی ہوگا۔
خورشید شاہ نے حکومت کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا میں کھڑے ہو کر ہمارے پیارے وطن پر الزام لگاتا ہے اور اس کے جواب میں ہمارا وزیراعظم خاموش رہتا ہے تو کس کے کیا معنی لیے جائیں اگر 60 ہزار جوان شہید کروا کر بھی پاکستان پر الزام تراشی ہو تو یہ خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔