بماکو: افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دوجرمن فوجی ہلاک ہوگئے۔ حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق افریقی ملک مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل جرمن ہیلی کاپٹر ٹائیگر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 2 جرمن فوجی جان کی بازی ہارگئے۔
جرمن فوجی حکام کا کہنا ہےکہ قوام متحدہ کے امن مشن میں شامل ان کا ایک ہیلی کاپٹر مالی کے شمالی صحرا میں گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو جرمن فوجی ہلاک ہوگئے۔
جرمن فوجی حکام کےمطابق افسوس ناک حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا جس میں تخریب کاری کا کوئی عنصر شامل نہیں۔
یاد رہے کہ 2012 میں القاعدہ نے مالی کی فوج کو شکست دے کر ملک کےبڑے علاقے پر قبضہ کرکے شریعت نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہےکہ 2013 میں فرانسیسی افواج نے مالی میں فوجی مداخلت کرتے ہوئے القاعدہ کو شکست دے کرعلاقے پر واپس قبضہ کیا تھاجس کےبعد اقوام متحدہ نے مالی میں حکومت کی مدد کے لیے امن فوج بھیجی تھی۔