اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد 14 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، پاکستان میں سوشل میڈیا کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔
تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی زیر صدارت پی اے سی کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ملک میں موبائل صارفین کی تعداد 14 کروڑ جبکہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 4 کروڑ 21 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں 185 فیصد سالانہ کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے، ملک میں انٹرنیٹ کی سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے سی پیک کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک بچھائی جارہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ملک کے 72 اعشاریہ 4 فیصد حصے میں ٹیلی کام سروسز دستیاب ہیں جبکہ اس کو مزید وسعت دینے کے لیے فایبر آپٹک بھی بچھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سالانہ 74 ہزار ٹیرا بائیٹ ڈیٹا استعمال ہو رہا ہے، جن میں موبائل فون کے صارفین کی تعداد بھی ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ موبائل فونز کی چوریاں کم کرنے کیلئے نیا سسٹم لایا جا رہا ہے، چوری شدہ موبائل فونز کا آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل ہو بھی جائے تو یہ قابل استعمال نہیں ہوگا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کی کامیابی کے بعد عام ٹیکسی ڈرائیورز کو بھی اس سروس میں شمولیت کا موقع دیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ موبائل کمپنیوں کو مشترکہ ٹاورز استعمال کرنے کا پابند بنایا جائے گا تاکہ سوشل میڈیا پر نظر رکھی جاسکے۔
چیئرمین پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ہماری ویب سائٹ لائسنس یافتہ نہیں ہیں تاہم اس ضمن میں کام جاری ہے۔ پی اے سی کو بتایا گیا کہ ٹیلی کام سیکٹر سے گزشتہ مالی سال کے دوران 160 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔