کراچی: وسیم اختر نے کہا ہے کہ ذوالفقار آئل ٹینکر پارکنگ ٹرمینل فعال ہونے سے شہر کی سڑکوں پر یفک کا دباؤ کم ہوگا اور حادثات میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔
ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں تمام تعمیرات نقشے کے مطابق کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری اور سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، اب شہر میں مختلف مقامات پر کھڑے ہونے والے آئل ٹینکرز ذوالفقار آباد پارکنگ ٹرمینل منتقل کیے جائیں گے۔
اس موقع ٹرانسپورٹرز سپریم کورٹ کے صدر کپیٹن ریٹائرڈ آصف محمود نے پارکنگ ٹرمینل پر مختلف سہولیات کی عدم فراہمی پر میئر کراچی سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمینل میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
شیریں جناح کالونی سے بے دخل کیے جانے والے دکانداروں کی ایسوسی ایشن کے صدر محمد خان ترین اور سیکریٹری راجہ شکور نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل میں دکانوں کے لیے جگہ مختص نہیں کی گئی۔
ذوالفقار آباد ٹرمینل کی جگہ دو سو ایکڑ پر محیط ہے جس میں تین ہزار آئل ٹینکرز کے کھڑے ہونے کی گنجائش ہے جبکہ یہاں پولیس چوکی، مختلف دکانیں، فائر بریگیڈ آفس، مساجد، ہوٹل اور ڈرائیورز کے قیام کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے۔