لاہور : وزیراعظم آزادکشمیرراجا فاروق حیدر کے بیان کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے فاروق حیدر کے خلاف غداری کا مقدمہ بنایا جائے اور انھیں عہدے سے ہٹا کر گرفتار کرکے سزا دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر کے بیان کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی، قرارداد پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی نے جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ راجا فاروق حیدر کا بیان قابل مذمت ہے، اس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بیان کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام کرتے ہیں
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے فاروق حیدر کے خلاف غداری کامقدمہ بنایا جائے اور انھیں عہدے سے ہٹاکر گرفتار کرکے سزا دی جائے۔
مزید پڑھیں : پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا وزیر اعظم آزاد کشمیر سے استعفے کا مطالبہ
یاد رہے گذشتہ روز بھی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی گئی تھی، قرارداد میاں خرم جہانگیر وٹوکی جانب سے جمع کروائی گئی، قرارداد میں کہا گیا کہ راجہ فاروق حیدر نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو پامال کیا۔ ان کے بیان سے کشمیریوں سمیت پاکستانی عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر معافی مانگیں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔
اس سے قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا، ترجمان تحریک انصاف کے مطابق راجہ فاروق حیدر نے لاکھوں کشمیری شہدا کے خون سے غداری کی۔ غصے کے بجائے راجہ فاروق کو شرمساری کا مظاہرہ کرنا چاہیئےتھا۔
دوسری جانب وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے ایک بار پھر اپنے بیان کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا تھا ہے کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، پاکستان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کا رشتہ بہت مضبوط ہے۔ میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کر کے بھارت کو پاکستان اور کشمیر مخالف بات کرنے کا موقع دیا گیا۔