لاہور: پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کی نظر بندی میں 60 دن کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید اور مرکزی قائدین عبداللہ عبید، ظفر اقبال اور عبدالرحمان عابد اور کاشف نیازی کی نظر بندی میں توسیع کردی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے حافظ محمد سعید کی نظر بندی میں 60 دن جبکہ دیگر مرکزی قائدین کی نظر بندی میں 90 دن کی توسیع کردی جس کی مدت اپریل میں ختم ہوگی۔
پڑھیں: حافظ سعید نظر بند، گھر سب جیل قرار، جماعت الدعوۃ و ایف آئی ایف واچ لسٹ میں شامل
یاد رہے حکومت پنجاب نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید اور دیگر 5 مرکزی قائدین کو جنوری کی 30 تاریخ کو نظر بند کرتے ہوئے فلاحی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعت الدعوۃ کو واچ لسٹ میں شامل کیا تھا۔
جماعت الدعوۃ کے امیر کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیتے ہوئے انہیں گھر میں ہی نظر بند کیا گیا جبکہ دیگر رہنماؤں کو بھی اُن کی رہائش گاہ پر نظر بند کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد جماعت الدعوۃ پر کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں بعدازاں سال 2014 میں امریکا نے بھی جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عائد کیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔