اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پر دوبارہ پیلٹ گنز کا استعمال شروع کردیا جس کے باعث 2 افراد کی بینائی ضائع ہوگئی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بند ہرصورت بند کروائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قابض بھارتی فوج کی نہتے کشمیریوں پر شیلنگ اور پیلٹ گن کی فائرنگ قابل مذمت ہے، حال ہی میں بھارتی فوج نے کشمیری مظاہرین پر پیلٹ گن کا استعمال کیا جس کے باعث 2 کشمیریوں کی آنکھیں ضائع ہوگئیں۔
نفیس زکریا نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر زور دے کر کشمیر میں جاری خونی کھیل کو بند کروائے اور مسئلہ کشمیری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جلد از جلد حل کیا جائے۔