لاہور : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے خلاف 10ارب ہرجانے کے کیس میں شیخ رشید کے وکیل نے جواب دائر کرنے کیلئے مہلت مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے شیخ رشید کو 10 ارب روپے ہرجانے کے نوٹس سے متعلق کیس کی سماعت راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج گلزار خالد نے کی۔
سماعت کے دوران شیخ رشید کے وکیل سردار رازق نے کہا کہ انسداد منشیات عدالت سے ایفی ڈرین کیس کا ریکارڈ درکار ہے، چھٹیوں کے باعث ریکارڈ دستیاب نہیں۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جواب داخل کرنے کیلئے مہلت دی جائے تاکہ ایفی ڈرین کیس کا ریکارڈ حاصل کرکے عدالت میں پیش کیا جا سکے اور مدعاعلیہ اپنا الزام عدالت میں ثابت کر سکے۔
جس پر کیس کی سماعت سترہ اگست تک ملتوی کردی گئی۔
مزید پڑھیں : حنیف عباسی نے شیخ رشید پر 10ارب ہرجانے کا دعویٰ دائرکردیا
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو 10 ارب روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔
نوٹس میں حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے میڈیا پر آکر مجھ پر منشیات فروش ہونے کا الزام لگایا، شیخ رشید نے مجھ پر 10 ٹن ہیروئن حاصل کرنے کا الزام لگایا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔