مری : مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کے گھر کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کا آمنا سامنا ہو گیا ایک دوسرے کے خلاف سخت نعرے بازی سے ماحول میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی زیرصدارت ان کے گھر پر ارکانِ اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کا اجلاس جاری ہے جس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی لاہورآمد پر شاندار استقبال کی تیاریوں پرغور کیا گیا۔
دوران اجلاس حمزہ شہباز نے ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ نوازشریف کا لاہورآمد پرشانداراستقبال کیاجائےگا جس کے لیے بابو صابوانٹرچینج، آزادی چوک اور داتا دربارپراستقبالی کیمپ لگائےجائیں گے اور استقبال کے لیے کارکنان بھی لاہور پہنچیں گے۔
خیال رہے سابق وزیراعظم نوازشریف کی اتوار کو لاہور آمد متوقع ہے جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے شاندار تیاریوں اور بے مثل استقبال کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو متحرک کیا جا رہا ہے اور پنجاب کی صوبائی مشینری کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان بھی اپنے قافلے کے ہمراہ نتھیا گلی پہنچ گئے ہیں دوران سفر جب قافلہ حمزہ شہباز کی رہائش گاہ کے نزدیک پہنچا تو وہاں موجود لوگوں نےعمران خان کے قافلے کو دیکھ کر تالیاں بجائیں اور نعرے بازی کی۔
جس کے بعد مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنان حمزہ شہباز کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہو گئے اور ایک دوسرے کے خلاف سخت نعرے بازی کی جس سے ماحول کشیدہ ہو گیا اور بات تصادم تک پہنچ گئی تاہم مقامی رہنماؤں نے صلح صفائی کر کے معاملہ ٹھنڈا کردیا۔