کراچی: تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والی رہنماء ناز بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پی ٹی آئی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی اور اچھے الفاظ میں تذکرہ کیا جس پر میں اُن کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے سابق خاتون رہنماء کو پارٹی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد بھی ناز بلوچ نے جھوٹ نہیں بولا۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے ناز بلوچ کا انداز بہت پسند آیا کہ انہوں نے پارٹی چھوڑنے کے بعد کسی پر بھی کوئی جھوٹا الزام نہیں لگایا، یہ کردار ایک اچھی شخصیت کی غمازی کرتا ہے اس لیے میں ناز بلوچ کو دوبارہ پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔
چیئرمین کی جانب سے دوبارہ شمولیت کی دعوت دینے پر ناز بلوچ نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تحریک انصاف میں بھی حق اور سچ کی بات کی، سیاست میں احترام کا رشتہ ہمیشہ برقرار رہنا چاہیے۔
مکمل انٹرویو پڑھیں: عائشہ گلا لئی کے الزامات کے بعد عمران خان کا پہلا انٹرویو
قبل ازیں عمران خان نے اے آر وائی نیوز کو دیے جانے والے انٹرویو میں نازبلوچ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی میں خواتین کو یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تاہم یہ حقیقت ہے کہ پی ٹی آئی پارٹی انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے جس کے باعث کئی مسائل پیدا ہوئے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا تھا کہ ناز بلوچ پارٹی چھوڑ گئیں مگر انہوں نے میرے کردار کی تعریف کی کیونکہ سب جانتے ہیں کہ خواتین سے بدسلوکی کے پارٹی معاملات میں ہی دیکھتا ہوں اور پوری قیادت کو واضح احکامات دیے ہیں کہ اگر کوئی ایسے معاملے میں ملوث پایا گیا اُس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
پڑھیں: تحریک انصاف کی رہنما نازبلوچ پیپلزپارٹی میں شامل
یاد رہے گزشتہ ماہ تحریک انصاف کی سابق خاتون رہنماء نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے شکوہ کیا تھاکہ پی ٹی آئی کی قیادت کراچی کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے جس کی وجہ سے کارکنان نالاں ہیں اور پارٹی ختم ہوگئی ہے۔