کاپی رائٹ © 2024
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف فیملی کے ہمراہ مری چھانگلہ گلی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے، مری میں کلڈنہ اور جھیکا گلی پر کارکنان نے نوازشریف کا استقبال کیا۔
اس موقع پر کارکنان نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے’شیر آیا، شیرآیا‘ کے نعرے لگائے۔ کارکنان کے جوش و ولولے کو دیکھ کر نواز شریف بھی اپنے گاڑی سے باہر آگئے اور انہوں نے مسکراتے ہوئے ہاتھ ہلا کر لوگوں کی نعرے بازی کا جواب بھی دیا۔
نوازشریف کی گاڑی ان کے بڑے صاحبزادے حسین نواز چلارہے تھے جبکہ اس موقع پر ان کے ساتھ سخت سیکورٹی بھی موجود تھی۔
اسلام آباد میں بارہ کہو اٹھال چوک پر کارکنان نے میاں نوازشریف کا استقبال کیا، پارٹی پرچم اور پلے کارڈز اٹھائے کارکنان نے اپنے قائد کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے بازی بھی کی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کا قافلہ پنجاب ہاؤس پہنچا توپارٹی چیرمین راجہ ظفر الحق، وفاقی وزیر احسن اقبال، پرویز رشید، آصف کرمانی، وزرائے مملکت مریم اورنگزیب، دانیال عزیز اور طلال چوہدری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے نوازشریف کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف پنجاب ہاؤس میں ایک روز قیام کے بعد کل ریلی کی صورت میں لاہورروانہ ہوں گے۔ جس کےلیے لیگی کارکنوں نے استقبال کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں۔