اسلام آباد : ن لیگ نے بدھ کو نوازشریف کے جی ٹی روڈ سے ریلی کی صورت میں لاہور جانے کا پلان بنالیا ہے، ذرائع کے مطابق نوازشریف کی ریلی کے لئے خصوصی بلٹ پروف کنٹینر بھی تیار کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نااہلی کے بعد نوازشریف متحرک ہوگئے ، نوازشریف بدھ کو صبح نو بجے براستہ جی ٹی روڈ لاہور روانہ ہوں گے، ن لیگ نے نوازشریف کے جی ٹی روڈ سے لاہور جانے کا پلان بنالیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کی ریلی کے لئے خصوصی بلٹ پروف کنٹینر بھی تیار کیاجارہا ہے، نوازشریف ڈی چوک سے بلیو ایریا، فیض آباد پہنچیں گے، جہاں راولپنڈی کی مقامی قیادت استقبال کرے گی، ریلی میں نوازشریف کی گاڑی چوہدری نثار ڈرائیوکریں گے۔
گلگت بلتستان کا قافلہ بھی اسلام آباد پہنچ گیا، ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا ہے کہ قافلہ نواز شریف کے ہمراہ لاہور جائےگا۔
دوسری جانب لاہور میں بھی نوازشریف کے استقبال کی بھرپور تیاریاں جاری ہے، شہر بھر میں نواز شریف کے حق میں بینرز لگادیے گئے۔
مزید پڑھیں : نوازشریف 9 اگست کو لاہور کے لیے روانہ ہوں گے، آصف کرمانی
ذرائع کے مطابق نوازشریف کی جی ٹی روڈ پر ریلی کیلئے ن لیگ کو سیکیورٹی کلیئرنس کا انتظار ہے، وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی گئی۔
اسلام آباد میں پنجاب ہاؤس میں نوازشریف سے ن لیگی رہنماؤں کی ملاقاتیں جاری ہے ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ احسن اقبال، پرویز رشید، عرفان صدیقی اور بیرسٹر ظفراللہ سابق وزیراعظم سے ملے، ملاقات میں پارٹی اور سیاسی امورسے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے نوازشریف کو اتوار کو لاہور پہنچنا تھا تاہم لیگی رہنماؤں اور مریم نواز نے اعلیٰ قیادت پر زور دے کر اس فیصلے کو مؤخر کروایا جس کے بعد طے پایا کہ سابق وزیراعظم کو بذریعہ جی ٹی روڈ لاہور لے جایا جائے گا تاکہ مخالف قوتوں کو سخت پیغام دیا جاسکے۔